تخیّل اور سائنس
آئن سٹائن کا مشہور قول ہے '' تخیل علم سے زیادہ اہم ہے۔'' دوسری طرف مشہور نوبل انعام یافتہ طبیعات دان فرینک وِلزیک کہتے ہیں '' دونوں ہی اہم ہیں مگر علم تخیل کی صلاحیت کے بنا بنجر ہے۔'' علامہ اقبال کا بھی مشہور شعر ہے ظاہر کی آنکھ سے نہ تماشا کرے کوئی ہو دیکھنا تو دیدۂ دل وا کرے کوئی دیدۂ دل سے مراد بھی تخیل کی آنکھ ہی ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر اہلِ علم کی نظر میں تخیل کی اتنی وقعت کیوں ہے اور خاص طور پر سائنس کی دنیا میں تخیل کا کیا کردار ہے؟ دیکھا جائے تو ہر تخلیقی کام کے پیچھے قوتِ تخیل ہی کار فرما ہوتی ہے۔ ایک ادیب تخیل کو کام میں لا کر شاہکار کہانی تیار کرتا ہے اور پھر اس تخیل کو الفاظ کا جامہ پہنا کر دنیا کے سامنے پیش کرتا ہے۔ اگر ایک شخص تخیل کی صلاحیت سے عاری ہو تو وہ الفاظ کے جوڑ توڑ کر کے کہانی تو لکھ سکتا ہے لیکن ایسی کہانی نہ تو شاہکار کہلائے گی نہ ادب میں خالص تخلیق کا مقام حاصل کر پائے گی۔ اسی طرح ادب کے شاہکاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے بھی قوتِ تخیل درکار ہوتی ہے۔ بہت سے لوگ بہترین سے بہترین کتاب سے بھی لطف حاصل نہیں کر...